اسلام آباد (این این آئی)سینٹ میں پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں جس کے مطابق پاکستان پر 88 ارب 19 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کے غیر ملکی قرضے ہیں۔ جمعرات کو وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور نے سینٹ میں تحریری جواب میں قرضوں کی تفصیلات پیش کیں۔
وزارت خزانہ نے کہاکہ پاکستان پر 88 ارب 19 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کے غیر ملکی قرضے ہیں،گذشتہ چھ مالی سال کے دوران 26 ارب 19 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ چھ مالی سال کے دوران 7 ارب 32 کروڑ ڈالر کا سود لگا،سود کے بعد پاکستان پر گذشتہ 6 مالی برسوں کے دوران قرضہ 33 ارب 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ قرضہ بنا۔وزارت خزانہ کے مطابق سال 2013 سے سال 2014 میں سود سمیت 6 ارب 90 کروڑ 8 لاکھ 97 ہزار امریکی ڈالر کا غیر ملکی قرضہ تھا،پاکستان 2014 اور 2015 کے درمیان سود سمیت 5 ارب 4 کروڑ 7 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر کا مقروض تھا،2015 اور 2016 کے درمیان سود سمیت 4 ارب 45 کروڑ 20 ہزار امریکی ڈالر کا قرضہ تھا،2016 اور 2017 کے درمیان 6 ارب 52 کروڑ 3 لاکھ 81 ہزار امریکی ڈالر قرضہ تھا، 2017 اور 2018 کے درمیان 6 ارب 2 کروڑ 5 لاکھ 26 ہزار امریکی ڈالر کے قرضے تھے،2018 سے لے کے کر ابتک پاکستان پر 4 ارب 55 کروڑ ایک لاکھ 54 ہزار امریکی ڈالر قرضہ تھا۔