اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پی پی قیادت پر مزید دباؤ آئے گا، انہوں نے دعویٰ کیا آصف زرداری جن پرانے کیسوں میں بری ہوچکے ہیں انہیں دوبارہ کھولا جائے گا، آصف زرداری کی ریاست کے ساتھ جو انڈراسٹینڈنگ تھی وہ اب ختم ہوگئی ہے۔
عمران خان بات نہیں مان رہے وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو سیاسی طور پر ختم کردیا جائے،عمران خان ڈٹ گئے ہیں اور وہ ریاست کی بات بھی نہیں مان رہے، ریاست نہیں چاہتی تھی کہ حکومت کو عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے، ریاست نے نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ لائن آف کمیونیکشن کھول لی ہیں ، اس صورتحال میں پیپلز پارٹی جوابی دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہی ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل جاتے تو حکومت پر دباؤ بڑھ سکتا تھا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بلاول کھری کھری باتیں تو کررہے ہیں مگر آصف زرداری اور دیگر پارٹی قیادت کو نہیں بچاپائیں گے، پی پی سندھی نیشنل ازم اور سندھی سپورٹ دکھانے کی کوشش کرے گی، ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف کی ڈیل سے پہلے آصف زرداری اندر ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی پر بہت سوالات ہیں، سندھ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد تحریک لانے کی کوشش بھی کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ بلاول اور آصف زرداری کیخلاف جاری منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل ہو چکا ہے ۔دونوں نے گزشتہ دونوں نیب ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہو کر اپنا بیان بھی قلمبند کرادیا ہے ۔