لاہور (آئی این پی) قومی احتساب بیورو(نیب) نے کہا ہے کہ سعد رفیق نے اہلیہ، بھائی، ندیم ضیاء، قیصر امین سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، ایئر ایونیوکا نام بعد میں تبدیل کر کے پیراگون رکھ لیا گیا، سعد رفیق نے اختیارات سے تجاوز کر کے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی۔منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کی گرفتاری سے متعلق نیب نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری کیلئے ٹھوس شواہد حاصل کرلئے۔
کرپشن کی رقم اور دستاویزات کی برآمدگی کیلئے گرفتاری ضروری تھی، سعد رفیق کی گرفتاری انکوائری منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ضروری تھی، سعد رفیق نے اہلیہ، بھائی، ندیم ضیاء، قیصر امین سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، ایئر ایونیو کا نام بعد میں تبدیل کر کے پیراگون رکھ لیا گیا، خواجہ برادران نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری، خواجہ سعد اور سلمان رفیق پیراگون سوسائٹی سے فوائد لیتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون سٹی میں 40کنال اراضی موجود ہے۔