راولپنڈی(آئی این پی)اقوام متحدہ امن مشن میں 156 پاکستانیوں نے جان کا نذرانہ دیا ، پاکستان 1960سے یو این امن مشن میں سب سے بڑا حصہ دار ہے ، اقوام متحدہ کا پاکستانی امن دستوں کے کردار کا اعتراف قابل تحسین ہے ۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستانی امن دستوں کے کردار کے اعتراف میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی امن کیلئے 1960سے بھرپور حصہ لے رہا ہے ۔اقوم متحدہ
امن مشن میں 156پاکستانی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ۔ امن مشن کے تمام فوجیوں کا مقصد کمزور ترین افراد کی حفاظت ہوتا ہے ۔ دریں اثناء اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ ہے ۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی امن کے قیام اور سیکیورٹی کیلئے 156پاکستانی شہید ہوئے ۔ عالمی امن کیلئے قربانیوں میں 24افسروں نے جام شہادت نوش کیا۔ 1960سے اب تک 28ملکوں میں پاکستانی امن دستے بھیجے گئے۔