اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈالر کی لمبی چھلانگ، انٹر بینک مارکیٹ میں 4روپے 93پیسے اضافے کے ساتھ 115روپے تک جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر نے ایک اور لمبی چھلانگ لگائی ہے اور فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 4روپے 93پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اب ڈالر کی پاکستانی روپے میں قیمت 115روپے تک جا پہنچی ہے ۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق ڈالر کی اس موقع پر قدر میں اضافے سے مہنگائی کا
ایک طوفان آئے گا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملے گا جبکہ بیرون ممالک سے منگوائی جانی والی اشیا بھی مہنگی ہو جائیں گی جس سے پاکستانی صارفین کی جیبوں پر بھاری بوجھ پڑے گا۔ ایک ماہر اقتصادیات کے مطابق جیسے انسانی جسم کو بیمار ہونے پر اینٹی بائیوٹک میڈیسن دی جاتی ہیں جس کے اگر تین فائدے ہیں تو دو نقصان بھی ہوتے ہیں اسی طرح ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے جہاں کچھ فائدے پہنچے گے وہاں اس کے سائیڈ افیکٹس بھی دیکھنے کو ملیں گے۔