اسلام آباد(سی پی پی) پاکستان نے وزیر تجارت کو دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے واقعات کے باعث پاکستان نے وزیر تجارت محمد پرویز ملک کو احتجاجا بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارت نے پاکستانی وزیر تجارت کو 19 مارچ کو دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا تاہم اب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے
کہ موجودہ حالات میں پاکستان اپنے وزیر تجارت کو بھارت نہیں بھیج سکتا۔خیال رہے کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی سفارتکاروں کو گزشتہ کئی روز سے ہراساں کیے جانے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس پر پاکستان نے تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہمارے ڈپٹی ہائی کمشنر کے بچوں کی گاڑی کو40 منٹ تک روکا گیا، سفارتی عملے کو ہراساں کیے جانے کے واقعات تسلسل سے ہورہے ہیں۔