اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور پاکستان سٹیل ملز کے امور پر غور ہوا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے
مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے دونوں اداروں کے مالی چیلنجز اور مستقل بنیاوں پر ممکنہ حل کے حوالہ سے پریزنٹیشن دی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی کی بدانتظامی اور غفلت سے دونوں اداروں کو شدید نقصان ہوا ہے، بدانتظامی کے باعث پی آئی اے اور سٹیل ملز ملازمین کو بھی مشکلات پیش آئیں۔ وزیراعظم نے تفصیلی غور و خوض کے بعد پی آئی اے میں تنظیم نو کیلئے تجاویز کی تیاری کی ہدایات دیں۔ کابینہ کمیٹی نجکاری نے فیصلہ کیا کہ پی آئی اے کے اہم اورغیر اہم شعبوں کو الگ کیا جائے۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے مالی و انتظامی اور ملازمین سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں سٹیل ملز کے حوالہ سے سرمایہ کاروں کے ساتھ ریونیو کی تقسیم کی بنیاد پر مراعاتی معاہدہ کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے سٹیل ملز کے حوالہ سے جامع منصوبہ کی تیاری کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ میں ملازمین سے متعلق امور کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے دونوں اداروں کے مالی چیلنجز اور مستقل بنیاوں پر ممکنہ حل کے حوالہ سے پریزنٹیشن دی۔