اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے گجرات سے رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کا سرکاری پاسپورٹ چھین لیا گیا‘ ایک سال قبل علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے نامعلوم افراد چوہدری عابد رضا کا پاسپورٹ چھین کر فرار ہوگئے تھے تاہم تاحال ملزمان کا سراغ مل سکا نہ ہی پاسپورٹ واپس ملا۔ چوہدری عابد رضا سے پاسپورٹ
چھیننے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی شناخت نہیں ہورہی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا گزشتہ برس لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیر ملکی پرواز سے ترکی جانا چاہتے تھے تاہم ایئرپورٹ کے اندر جب وہ داخل ہوئے تو دو نامعلوم افراد ان کے پاس آئے اور ان کا پاسپورٹ چھین کر فرار ہوگئے۔ چوہدری عابد رضا کا ملزمان کا پیچھا نہیں کیا نہ ہی مقدمہ درج کرایا تاہم ایئرپورٹ حکام کو انہوں نے واقعے سے آگاہ کیا جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تو اس فوٹیج میں دو نامعلوم افراد صاف دکھائی دے رہے ہیں تاہم ان کی شناخت نہ ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق لیگی رکن اسمبلی نے نیا پاسپورٹ بنوا لیا ہے تاہم ان سے پاسپورٹ چھیننے کے ملزمان کا تاحال سراغ نہ لگ سکا۔