راولپنڈی(آن لائن) خیبرایجنسی میں پاکستانی چوکیوں پر سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملوں میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغان سرحدی علاقے سے دہشت گردوں نے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملےکئے، جن میں ایک پاکستانی فوجی اہلکار سپاہی محمد الیاس شہید ہوگئے ہیں جب کہ پاک فوج کی مؤثر اور بروقت
کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے افغان سرحدی علاقوں میں حکومتی کنٹرول نہ ہونے کا فائدہ اٹھائے ہوئے راجگال وادی میں کئی مقامات پر نئی قائم چوکیوں کونشانہ بنایا۔اس سے قبل رواں برس 23 ستمبر کو بھی وادی راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پرافغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج نے رواں برس 15 جولائی کو خیبرایجنسی کی وادی راجگال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبر فور کا آغاز کیا تھا، جسے اگست میں مکمل کرلیا گیا۔اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن خیبرفور میں تقریباً 95 فیصد مقاصد حاصل کر لیے گئے۔