لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ دوسروں کو عدالتوں کے سامنے پیش ہونے اور اداروں کے احترام کا درس دینے والے نواز شریف خود یہ سبق بھول گئے ہیں ،’’ تجربہ کار ی ‘‘ میں اپنا ثانی نہ رکھنے والوں کے دور میں معیشت ہچکولے کھا رہی ہے ، (ن ) لیگ کے بڑوں کی لندن یاتراپر بہت کچھ سوچا جا سکتا ہے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی جمہوریت کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی اس کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت واضح کر چکی ہے کہ شریف خاندان سے کسی طرح کا رابطہ نہیں ہو
سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف دوسروں کو تو عدالتوں کے سامنے پیش ہونے اور اداروں کے احترام کادرس دیتے تھے لیکن خود یہ سبق بھول گئے ہیں ۔ عدالت کے سامنے پیش ہونے کی بجائے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے معاملے میں دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے ، پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ والوں کے لئے پیمانہ الگ الگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ملک کی معیشت کے حوالے سے جس طرح کے اشارے مل رہے ہیں اس پرعوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔