راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ریزالیوٹ سپورٹ مشن اور افغان فوج کی جانب سے آپریشن کرم ایجنسی کی مخالف سمت افغان علاقوں خوست اور پکتیا میں کیا جا رہا ہے،پاکستانی فضائی حدود کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی اور نہ ہی کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ ہوا ،اس حوالے سے خبریں غلط ہیں،افغان سرحد کے ساتھ اپنی حدود میں پاک فوج پوری طرح چوکس ہے،
بہتر تعاون دونوں ممالک کو پائیدار امن و استحکام کی طرف لے جائے گا، اس سے مشترکہ دشمن کو شکست ہو گی۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ریزالیوٹ سپورٹ مشن اور افغان فوج کی جانب سے آپریشن کرم ایجنسی کی مخالف سمت افغان علاقوں خوست اور پکتیا میں کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران افغانستان کے اندرونی علاقوں میں کئی فضائی حملے کئے گئے، جن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ افغانستان کے تناظر میں افواج کے درمیان تعاون بڑھا ہے،ریزالیوٹ سپورٹ مشن نے افغان علاقوں میں متعلقہ آپریشن کے حوالے سے بروقت تفصیلات کا تبادلہ کیانہ تو پاک افغان بارڈر پر پاکستان کی فضائی کی خلاف ورزی ہوئی اور نہ ہی کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ ہوا، اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ آئی ایس پی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترسیکیورٹی تعاون انہیں پائیدار امن و استحکام کی طرف لے جائے گا اور اس سے مشترکہ دشمن کو شکست ہو گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرحد کے ساتھ اپنی حدود میں پاک فوج پوری طرح چوکس ہے۔