کمالیہ، پاکپتن،لاہور، جھنگ ، ملتان(آن لائن)پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد کچی چھتیں گرنے کے 2 مختلف واقعات میں 4افراد جاں بحق اور2 بچے زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں اڈا کوٹ کھتیران میں آندھی کے باعث ایک دربارکی چھت گرگئی جس کے باعث سے 3افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی عمریں 50 سے 60سال کے درمیان تھیں جو مختلف شہروں سے دربار میں حاضری کیلئے آئے ہوئے تھے۔
ادھر پاکپتن میں چک31ایس پی میں بارش کے بعد مکان کی کچی چھت گر نے سے ایک خاندان سے تعلق رکھنے والی 45سالہ ارشاد بی بی جاں بحق اوران کے 2 بچے 12 سالہ بیٹا رمضان اور 15 سالہ بیٹی رمشا زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھت تیز بارش کے باعث گری جبکہ دونوں بچوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، ملتان، گجرات، راول پنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، جھنگ سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ خیبر پختو نخوا، پنجاب، اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان، کشمیر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی، تیز ہوا اور وقفے وقفے سے بارش نے موسم کے رنگ ڈھنگ ہی بدل دیے۔لاہور میں سحری کے وقت ہوئی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ملتان، گجرات، راول پنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، جھنگ فیصل آباد، ملتان، گوجرہ، چیچہ وطنی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک تیز ہواں اورآندھی کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھسے جمعہ کے دوران خیبر پختو نخوا،فاٹا، گلگت بلتستان،کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور،فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں
وقفے وقفے کے ساتھ کہیں کہیں پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ترجمان کے مطابق بدھ اور جمعرات کے دوران کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواں اورآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ،اس دوران ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم راولپنڈی، مردان، پشاور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ اسلام آباد ہزارہ،کوہاٹ،گوجرانوالہ،سرگودھا ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش پشاور ائیرپورٹ 38، سٹی 35 ، رسالپور 20، کوہاٹ 12، بالاکوٹ 04، ایبٹ آباد02 ، لوئردیر، چراٹ 01، مری 31، اسلام آباد زیرو پوائنٹ06، بوکرہ 03 ، راولپنڈی چکلالہ06، شمس آباد02 ، کامرہ03، سرگودھا01، گڑھی دوپٹہ 07، کوٹلی 06، راولاکوٹ 02، بگروٹ 05، گوپس 03، چلاس، استور میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سبی میں 49، دادو، جیکب آباد، تربت 46، بھکر، نورپورتھل، میانوالی، ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ بدھ کولاہور میں کم سے کم 33اور زیادہ سے زیادہ 42،اسلام آباد 24اور41،کراچی 29اور36،پشاور میں 22اور زیادہ سے زیادہ 37،کوئٹہ میں کم سے کم 16اور33،گلگت 17اور29، چترال میں کم سے کم 18اورزیادہ سے زیادہ 31ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔