اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے نواز شریف کے حق میں آرٹیکل لکھوانے پر 35لاکھ روپے ادا کر دیئے ہیں جن کو آڈٹ حکام نے غیر قانونی قرار دیدیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ2016ء میں انکشاف ہوا ہے کہ پی آئی ڈی کے پرنسپل آفیسر نے حکومت کے حق میں مختلف افراد سے آرٹیکل لکھوائے تھے جن کو 35لاکھ روپے قومی خزانہ سے ادا کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی تقریر تحریر کرنے پر بھی42لاکھ روپے خرچ کئے ہیں یہ رقم علی اکبر عباس کو 80ہزار روپے دیئے گئے ہیں جبکہ طلحہ محمد کو ایک لاکھ روپے ادا کئے گئے ہیں اور خواجہ نوید اسلم میڈیا کنسلٹنٹ کو بھی ایک لاکھ ادا کئے گئے ہیں۔ طلحہ محمود کو ماہانہ 75ہزار روپے بھی دیئے جا رہے ہیں۔ علی اکبر اور طلحہ محمود کو مجموعی طور پر گزشتہ دو سالوں کے دوران23لاکھ ادا کئے گئے ہیں۔ خواجہ نوید اسلم کو ماہانہ ایک لاکھ دیا جا رہا ہے اور اب تک 19لاکھ روپے ادا کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2015ء میں پی آئی ڈی نے صحافیوں کو مختلف ہوٹلوں میں کمرے لے کر دینے اور کھانے فراہم کرنے پر 32لاکھ روپے خرچ کئے ہیں ان اخراجات کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔