اندر بھی لڑائی اور باہر بھی لڑائی

31  اگست‬‮  2023

ان کا جواب دل چسپ تھا ’’میرے گھر میں 70 کلو واٹ کے سولر پینل لگے ہیں‘ میں ان سے اپنے گھر کی ضرورت بھی پوری کرتا ہوں اور واپڈا کو بھی بجلی بیچتا ہوں‘ یہ ایک لانگ ٹرم سرمایہ کاری تھی‘ میں نے اس پر اچھے وقتوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ کیے تھے‘ مجھے اس سے یہ فائدہ ہوا میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بلوں سے بچ گیا لیکن اس ماہ مجھے بھی دس لاکھ روپے کا بل موصول ہو گیا اور میں دیر تک بل دیکھتا رہا اور سر پرہاتھ مارتا رہا‘‘ یہ بات مجھے ایک کھرب پتی بزنس مین نے بتائی‘ یہ اس وقت وفاقی کابینہ کا حصہ بھی ہیں‘ میں نے جواب میں انہیں اپنی کہانی سنائی‘ ہمیں گھر کے لیے 10 کلو واٹ بجلی چاہیے تھی‘ہم نے ڈیڑھ سال قبل 20 کلو واٹ کا سسٹم لگایا‘ 10 کلو واٹ خود استعمال کر لیتے ہیں اور 10 کلو واٹ واپڈا کو دے دیتے ہیں یوں ہمارے ایک لاکھ 76 ہزار روپے واپڈا کے ذمے واجب الادا ہو گئے مگر اس ماہ واپڈا نے ہمارے ایک لاکھ 56 ہزار روپے کاٹ لیے‘ کیوں؟ مجھے سمجھ نہیں آئی‘ میں واپڈا سے بجلی نہیں خرید رہا‘ میں انہیں بیچ رہا ہوں‘ میں رات کے وقت بھی اپنی بیٹریوں کی بجلی استعمال کرتا ہوں‘ میرے پاس واپڈا کی بجلی آ ہی نہیں رہی مگر میں اس کے باوجود اسے بل بھی دے رہا ہوں‘ کیوں؟‘‘ وہ فوراً بولے ’’سیم ٹو می‘ میں بھی بجلی نہیں لے رہا لہٰذا پھر بل کس چیز کا ہے؟‘‘۔

یہ دو مثالیں ہیں لیکن اگر آپ گہرائی میں جا کر دیکھیں تو آپ کو ایسی لاکھوں مثالیں مل جائیں گی‘ ملک میں اس وقت بجلی کے 3 کروڑ 81 لاکھ میٹر ہولڈرز ہیں اور ہر ماہ اتنے ہی بل آتے ہیں اور اس وقت پورا پاکستان بلوں پر بلبلا رہا ہے‘ عوام میاں شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں‘ یہ درست ہے آج کی صورت حال کے زیادہ ذمہ دار خان صاحب ہیں مگر پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت نے عمران خان کی گھنٹی اتار کر اپنے گلے میں باندھ لی لہٰذا یہ آج کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے‘ ان حالات میں اگر میاں نواز شریف واپس آتے ہیں تو انہیں خوف ناک سیاسی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا‘ یہ عوام سے ووٹ نہیں مانگ سکیں گے‘ یہ عوام میں نہیں نکل سکیں گے‘ اب سوال یہ ہے اس صورت حال کا ذمہ دار کون ہے؟ اس کے چار بڑے ذمہ دار ہیں‘ پہلے ذمہ دار جنرل پرویز مشرف اور شوکت عزیز ہیں‘ ان کے زمانے میں پاکستان میں دھڑا دھڑ ڈالر آئے تھے جن سے عوام کا لیونگ سٹینڈرڈ بلند ہو گیا تھا‘ شوکت عزیز نے اے سی‘ ایل سی ڈی اور کار فنانسنگ آسان کر دی‘ ملک میں پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینلز بھی بنے اور موبائل فون کا انقلاب بھی آ گیا‘ نتیجے میں بجلی کی ضرورت اور کھپت بڑھ گئی مگر حکومت نے بجلی کی پیداوار پر کوئی توجہ نہیں دی چناں چہ 2005ء میں خوف ناک لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی‘ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی‘ پیپلز پارٹی کا دور آیا تو لوڈ شیڈنگ کا ملبہ ان پر گر گیا‘

یہ اس صورت حال کے لیے تیار نہیں تھے چناں چہ انہوں نے دھڑا دھڑ فرنس آئل کے رینٹل پلانٹس لینا شروع کر دیے‘ یہ پلانٹس انتہائی مہنگے تھے‘ ان کے نتیجے میں بجلی بھی مہنگی ہو گئی اور لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی‘ اس دور میں خواجہ آصف نے پانی اور بجلی کے وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف کو ’’راجہ رینٹل‘‘ کہنا شروع کر دیا تھا اور ان کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کر دی تھی‘ نواز شریف کا دور آیا تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا‘ میاں صاحب نے بھی لانگ ٹرم حل کی بجائے فرنس اور ڈیزل پلانٹس لگانا شروع کر دیے‘ آئل کے لیے مسلسل ڈالرز درکار تھے‘ پلانٹس کے مالکان کے ساتھ ریٹس بھی ڈالرز میں طے کر دیے گئے اور انہیں کیپسٹی پے منٹ بھی دے دی گئی یعنی پلانٹس چلیں یا نہ چلیں‘ یہ اپنی مطلوبہ پیداوار کے برابر بجلی دیں یا نہ دیں مگر حکومت کو انہیں پورے پیسے دینا پڑیں گے‘ اس فارمولے سے ملک میں بجلی تو پوری ہوگئی لیکن خزانے پر بوجھ بڑھتا چلا گیا‘

آج حکومت کو ہر سال 2310 ارب روپے کیپسٹی پے منٹس دینی پڑتی ہیں‘ دوسری طرف پاور پلانٹس کے مالکان نے بھی کمال کر دیا تھا‘ فارمولا یہ تھا مالکان پلانٹس کی 20فیصد رقم خود ادا کریں گے اور 80 فیصد بینکوں سے لون لیں گے مثلاً فرض کریں ایک پلانٹ 100 ملین ڈالر کا ہے‘ مالک اس میں 20 ملین ڈالر ڈالے گا اور 80 ملین ڈالر بینکوں سے لون لیا جائے گا‘اب مالکان نے کاغذوں میں اس کی مالیت 100ملین ڈالر کی بجائے 120ملین ڈالر کر دی‘ 100 ملین ڈالر بینک سے لے لیا‘ اپنی جیب سے دھیلا خرچ نہیں کیا اور ہر سال اربوں روپے کمانے لگے‘ بجلی کے ساتھ دوسرا ظلم لائین لاسز کی شکل میں بھی ہوا‘ واپڈا کے لائین لاسز 20فیصدتک ہیں‘ ملک میں بجلی چوری بھی ہوتی ہے اور مفت بھی دی جاتی ہے‘ سرکاری ملازمین ہر سال 34 کروڑ یونٹ مفت لیتے ہیں‘ 520 ارب روپے کے لائین لاسز ہیں جب کہ پچھلے سال 467 ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی‘ کیپسٹی پے منٹس 2310 ارب روپے ہیں جب کہ گردشی قرضے 2500 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں‘ یہ صورت حال پچھلے سال تک چھپی رہی‘ کیوں؟ کیوں کہ ہم قرضے لے کر ملک چلا رہے تھے لیکن پھر ہمارے قرضے اور سود کی قسطیں کل آمدن کا 85 فیصد ہو گیا اور آئی ایم ایف اور دوست ملکوں نے ہمیں قرض دینابند کر دیا‘ عمران خان کا ان حالات میں بہت بڑا ہاتھ تھا‘ یہ قرضے بھی لے رہے تھے‘ دوست ملکوں کو ناراض بھی کر رہے تھے اور ملک میں دھیلے کا کام بھی نہیں ہو رہا تھا لہٰذا پی ٹی آئی کی حکومت تیزی سے اپنی حماقتوں کے بوجھ تلے دفن ہو رہی تھی مگر عین وقت پر ن لیگ نے عمران خان کا سر چٹان کے نیچے سے نکالا اور خود اس گرتی ہوئی چٹان کے نیچے بیٹھ گئے۔

ہمیں آج ماننا ہوگا ہماری آبادی ضرورت سے زیادہ ہے اور یہ بے ہنر اور ناسمجھ بھی ہے‘ 25 کروڑ لوگوں میں صرف اڑھائی کروڑ لوگ کام کرتے ہیں اور باقی ساڑھے بائیس کروڑ انہیں ذلیل کرتے ہیں‘ دو‘ہماری آمدنی ہمارے وسائل سے پانچ گنا کم ہے‘ ہمیں اگر سو روپے چاہییں تو ہم صرف 20 روپے کما رہے ہیں‘ باقی 80 روپوں کے لیے ہمیں در در بھیک مانگنا پڑتی ہے‘ تین‘ ہم توانائی کے لوکل وسائل کی بجائے امپورٹیڈ وسائل پر انحصار کررہے ہیں‘ ہم اپنی ضرورت کا 85فیصد پٹرول درآمد کرتے ہیں‘ ہمارے پاس دو طریقے تھے‘ ہم اپنی ضرورت کا پٹرول خود نکالتے یا ہم اپنی ضرورت کو محدود کرلیتے جب کہ ہم نے پٹرول بھی نہیں نکالا اور گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھاتے چلے گئے‘ ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی دستیاب نہیں ہے لہٰذا ہم ہر سال 30 سے 35 ارب ڈالر کا پٹرول پھونک دیتے ہیں‘ ہمارے پاس تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں‘ ہم اگر ان سے سالانہ 50 ہزار میگاواٹ بجلی بنائیں تو بھی یہ ذخائر 500 سال کے لیے کافی ہیں لیکن ہم اس سے صرف 5332میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں اور یہ کام بھی پانچ سال قبل سٹارٹ ہوا‘ ہمارے پاس گیس کے ذخائر بھی تیزی سے کم ہو رہے ہیں لہٰذا ہم گیس بھی امپورٹ کر رہے ہیں اور اس امپورٹیڈ گیس کو چولہوں‘ تندوروں اور گاڑیوں میں ضائع کر رہے ہیں اور چار ہم من حیث القوم احمق ہیں‘ ہم اپنے نفع ونقصان کو بھی نہیں سمجھتے‘ ہم جب چاہتے ہیں سڑکیں بند کر کے بیٹھ جاتے ہیں یا اپنی املاک کو جلا دیتے ہیں‘ اسٹیبلشمنٹ سیاست دانوں سے لڑ رہی ہے اور سیاست دان اسٹیبلشمنٹ کو ہرانا چاہتے ہیں‘ہم ایک ایکسٹینشن کے لیے ملک کو سمندر میں غوطے دے دیتے ہیں‘ اس وقت بھی عدلیہ‘ اسٹیبلشمنٹ اور سیاست دان تینوں دست و گریبان ہیں‘ کسی کو یہ احساس تک نہیں اگر عوام سڑکوں پر آ گئے‘ ڈالر پانچ سو روپے کا ہو گیا یا بجلی‘ گیس اور پٹرول بند ہو گیا یا ملک ڈیفالٹ کر گیا تو کیا ہو گا؟ 25 کروڑ لوگوں کے لیے خوراک‘ ادویات اور بجلی کا بندوبست کیسے ہوگا لہٰذا ملک آپریشن ٹیبل پر آخری سانسیں لے رہا ہے جب کہ ہم اٹک جیل کا دروازہ تھام کر کھڑے ہیں‘ بھائی خدا خوفی کریں اگر خان بے گناہ ہے تو اسے رہا ہونے دیں اور اگر یہ مجرم ہے تو پھر اسے ایک ہی بار سزا دیں‘اس پر پابندی لگائیں اور ملک پر توجہ دیں مگر یہ کھیل ختم ہونا چاہیے۔

ہمارے پاس بہرحال زیادہ وقت نہیں ہے‘ ہمیں فوری طور پر پولیٹیکل ڈائیلاگ کرنا ہوگا اور اس میں عمران خان کو بھی شامل کرنا ہوگا‘ ملک کے لیے ایک ہی بار لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم پالیسیاں بنائیں تاکہ ہمیں یہ تو معلوم ہو ہم نے جانا کہاں ہے اورآپ مہربانی کر کے بھارت کے ساتھ بھی ڈائیلاگ کریں اور ایک ہی بار یہ سرحد بھی کھول دیں‘ ہم ہمسایوں کے ساتھ بھی لڑ لڑ کر زیادہ دیر تک سروائیو نہیں کر سکیں گے‘ دنیا میں کون سا ایسا ملک ہے جس میں اندر بھی لڑائی چل رہی ہو اور باہر بھی اور اس نے ترقی کر لی ہو لہٰذا ہمیں عقل کو ہاتھ مارنا ہوگا ورنہ ہم عقل اور ہاتھ دونوں سے محروم ہو جائیں گے۔

موضوعات:



کالم



رِٹ آف دی سٹیٹ


ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…