ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

چار دن روس میں

datetime 9  مئی‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ماسکو میں سردی تھی اور سینٹ پیٹرزبرگ میں سردی کے ساتھ ساتھ بارش بھی۔ہم اگر مئی میں گرم سویٹر‘ مفلر اور کوٹ کا سوچ بھی لیں تو ہمیں پسینے آ جاتے ہیں لیکن روس میں کسی بھی مہینے میں مفلر اور اوورکوٹ کے بغیر باہر نکلناممکن نہیں ہوتا‘ موسم‘ عورت اورنوکری یہ تینوں بے مروت ہوتی ہیں‘ یہ محاورہ پوری دنیا میں مستعمل ہے لیکن روس میں یہ محاورہ صرف محاورہ نہیں یہ حقیقت ہے‘ روسی خواتین خودمختار ہیں‘ یہ مردوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتیں۔

روسی مرد ایک آدھ بچے کے بعد ذلیل ہو کر بے گھر ضرور ہوتے ہیں‘ روسی خواتین سمجھتی ہیں مرد اگر بندر سے ذرا سا بھی بہتر ہے تو یہ غنیمت ہے‘ یہ مردوں کے ساتھ بندروں جیسا سلوک بھی کرتی ہیں‘ نوکریاں پوری دنیا میں بے اعتبار ہوتی ہیں لیکن روس میں خواب میں بھی ان پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا اور پیچھے رہ گیا موسم تو روس میں صرف ایک چیز دائمی ہے اور وہ ہے سردی‘ دنیا میں سردی اور گرمی دو بڑے موسم ہوتے ہیں لیکن روس میں صرف سردی اور شدید سردی ہوتی ہے اور بس‘ لوگ دونوں سردیوں کے درمیانی وقفے کو گرمی یا بہار سمجھ لیتے ہیں‘ دنیا میں اگر کسی ملک کو بڑا کہا جا سکتا ہے تو وہ صرف روس ہے‘ یہ 1992ءمیں اپنے 24فیصد ر قبے سے محروم ہو گیالیکن یہ اس کے باوجود ایک کروڑ 71 لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط ہے‘روس کی ایک سرحد جاپان کو چھوتی ہے‘ دوسری فن لینڈ‘ تیسری سمندر کے ذریعے ایران اور چوتھی امریکا کو‘ یہ 1992ءسے پہلے پاکستان‘ عراق‘ ترکی ‘ آسٹریا اور ڈنمارک تک چلا جاتا تھا‘ روس کے اندر اس وقت بھی11ٹائم زون ہیں‘ آپ ایک سے دوسرے شہر جائیں تو سات گھنٹے کا فرق پڑ جاتا ہے‘اندرونی فلائیٹ 9گھنٹوں پر مشتمل ہے‘ دنیا کاسردترین مقام اومیاکان بھی روس میں ہے‘اومیا کان کا درجہ حرارت عموماً منفی 55ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے جبکہ جولائی 1983ءمیںاس کا درجہ حرارت منفی 89.2ڈگری ٹمپریچر ریکارڈکیاگیا ۔

دوسرا سرد ترین مقام ویرخویانسک بھی روس میں ہے‘ ویرخویانسک کا درجہ حرارت منفی 45ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے‘یہ شمالی اور جنوبی دونوں قطبوں تک پھیلا ہوا دنیا کا واحد ملک ہے‘ دنیا میں آرٹ ہو‘ کلچر ہو‘ خوبصورتی ہو یا پھر موسیقی ہو یہ بھی بالآخر روس ہی سے نکلتی ہے‘ آپ ان کی عمارتیں دیکھیں‘ انفراسٹرکچر‘ سمارٹ نس اور جذبہ دیکھیں آپ کو روسی لوگ پوری دنیا سے آگے ملیں گے‘ یورپ اور امریکا اپنی تمام تر ترقی کے باوجود روس کی ایڑی تک نہیں پہنچتے‘ یہ لوگ کپڑے پہننا‘ سمارٹ رہنا اور خوش ہونا جانتے ہیں۔

خواتین اور مرد دونوں بہت خوبصورت اور سمارٹ ہوتے ہیں‘ عورتیں زیادہ متحرک اور مرد نسبتاً سست ہیں‘ آپ کو گھر سے لے کر ائیر پورٹ تک ہر جگہ عورتیں کام کرتی نظر آتی ہیں‘ یہ قبر تک ریٹائر نہیں ہوتیں‘ آپ کو نوے سال کی عورت بھی بھاری بھرکم کام کرتی نظر آئے گی‘زنانہ آنکھوں میں حیاءبھی ہوتی ہے اور یہ ذہنی طور پر بھی یک سو ہوتی ہیں‘ یہ کام کے دوران دائیں بائیں نہیں دیکھتیں‘ یہ لوگ کیونکہ کبھی غلام نہیں رہے چنانچہ یہ ہر حال میں اپنی آزادی پر کمپرومائز نہیں کرتے۔

یہ دنیا کےلئے اوپن ہو چکے ہیں لیکن کھلا ڈھلا ہونے کے باوجودیہ آج بھی بند محسوس ہوتے ہیں‘ یہ اجنبیوں پر نہیں کھلتے‘ امیگریشن کا سسٹم بھی بہت سلو ہے بالخصوص یہ پاکستانیوں اور مسلمانوں کو مشکوک نظروں سے دیکھتے ہیں‘ مجھے امیگریشن کاﺅنٹر پر دو گھنٹے لگ گئے‘ چھ امیگریشن افسروں نے پاسپورٹ کا ایک ایک ویزہ اور ایک ایک مہر چھ چھ بار دیکھی‘ یہ ان کی تصویریں بھی بناتے رہے اور محدب عدسوں سے بھی دیکھتے رہے۔

ان کے دو سوال تھے‘ میں اتنا زیادہ سفر کیوں کرتا ہوں اور میں روس کیوں آیا ہوں؟ میں جواب دیتا تھا مگر وہ مطمئن نہیں ہوتے تھے‘ ان کا خیال تھا کوئی شخص سیر کےلئے صرف چار دن نہیں آ سکتا‘ میں ان کو بتاتا تھا میں دو دن میں پورا ملک پھر جاتا ہوں لیکن یہ مجھ پر اعتبار کرنے کےلئے تیار نہیں ہوتے تھے‘ مجھے بہرحال مجرم کی طرح ڈیڑھ گھنٹہ بٹھا کر روس میں داخلے کی اجازت دے دی گئی‘ پتہ چلا یہ لوگ کبھی کبھار کسی نہ کسی شخص کے ساتھ یہ ضرور کرتے ہیں تاہم قصہ مختصر میں بالآخر روس میں داخل ہو گیا۔

ماسکو کا ائیرپورٹ شہر کے مرکزی حصے سے گھنٹہ بھر دور ہے‘ ڈالر کے مقابلے میں روبل کمزور ہے‘ سو ڈالر میں ساڑھے چھ ہزار روبل آتے ہیں‘ یہ لوگ سیاحوں سے ڈالر نہیں لیتے‘ پورے ملک میں خریدوفروخت کےلئے روبل ضروری ہیں‘ کرنسی تبدیل کرنے کے سنٹر بھی بہت کم ہیں‘ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا فائیو سٹار ہوٹل بھی ڈالر یا یورو نہیں لیتے‘ آپ ہوٹل سے بھی کرنسی تبدیل نہیں کرا سکتے تاہم ہوٹلوں میں کریڈٹ کارڈز اور اے ٹی ایم کی سہولت موجود ہوتی ہے۔

آپ کو انگریزی بولنے والے لوگ بھی کم ملتے ہیں‘ حلال کھانے کےلئے بھی کوشش کرنی پڑتی ہے‘ ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ دونوں شہروں میں ازبک‘ تاجک‘ آذربائیجانی‘ تاتاری‘ ترکش اور چیچن ریستوران ہیں ‘ یہ ریستوران حلال بھی ہیں اور اچھے بھی‘ میں چیچن ریستوران باخروما سے کھانا کھاتا رہا‘ یہ چین ہے اور یہ لوگ کمال کھانا بناتے ہیں‘ میرا ہوٹل سنٹر میں تھا‘ کریملن اور ریڈسکوائر آدھ کلومیٹر کے فاصلے پر تھا‘ دریائے ماسکو ساتھ بہتا تھا۔

میں پیدل چلتا ہوا پل پار کرتا تھا اور ریڈسکوائر پہنچ جاتا تھا‘ کریملن صدارتی محل ہے‘ یہ طویل وعریض عمارت ہے‘ ہوٹل کی چھت سے کریملن کا ہیلی کاپٹر اور لانز دکھائی دیتے تھے‘ دریائے ماسکو میں رات تک چھوٹے جہاز اور فیریز چلتی رہتی تھیں‘ حکومت نے دریا پر بہت خوبصورت ”ویو پوائنٹ“ بنا دیا‘ یہ پل کی طرح ہے لیکن یہ دریا کے آر پار نہیں جاتا‘ یہ دریا کے درمیان پہنچ کر انگریزی حرف وی بناتا ہوا واپس آ جاتا ہے‘ ماسکو کے ننانوے فیصد سیاح تصویر بنوانے کےلئے اس پل پر ضرور آتے ہیں۔

یہ ریڈسکوائر کے ساتھ واقع ہے‘ ریڈسکوائر سرخ اینٹوں کی سرخ عمارتوں کی وجہ سے ریڈسکوائر کہلاتا ہے‘ لینن کا مقبرہ بھی اسی جگہ ہے‘ روس کا وار میوزیم بھی اور ماسکو کاساڑھے چار سو سال پراناسینٹ باسلزبھی‘ یہ چرچ پوری دنیا میں روس کی پہچان ہے‘ روسی زمانہ قدیم سے پیاز جیسے گنبد بناتے آ رہے ہیں‘ سینٹ باسلز کیتھڈرل روس کے اس خاص طرز تعمیر کا اعلیٰ نمونہ ہے‘ اس کے 10گنبد اور گنبدوں کے تیز رنگ آنکھوں کو کھینچ لیتے ہیں۔

کریملن کی پوری دیوار ریڈ سکوائر میں دائیں سے بائیں چلتی ہے‘ دیوار کے سامنے ریڈسکوائر کی دوسری جانب ماسکو کا قدیم شاپنگ سنٹر گم  ہے‘ یہ شاپنگ سنٹر1893ءمیں بنایا گیا تھا اور یہ کسی محل سے کم نہیں‘ دیواریں‘ بارہ دریاں‘ کھڑکیاں اور بالکونیاں محل جیسی ہیں‘ چھت شیشے کی ہے اور راہ داریوں میں قیمتی پتھر لگے ہیں‘ تین منزلہ عمارت میں دنیا کے مہنگے ترین برانڈز کے شورومز ہیں‘ شاپنگ سنٹر کے دونوں حصے لوہے کے معلق پلوں سے جڑے ہیں اور پلوں پر ریستوران اور کافی شاپس بنی ہیں۔

یہ کافی شاپس نچلی منزل سے بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہیں‘ گم‘ سینٹ باسلز چرچ‘وارمیوزیم اور ریڈسکوائر کا پتھریلا فرش اور رات کا سناٹا آپ کو اگر زندگی میں کبھی یہ ساری چیزیں اکٹھی مل جائیں تو آپ اللہ کی ذات کا شکر ضرور اداکیجئے گا‘ کیوں؟ کیونکہ قدرت نے یہ تحفے آج تک دنیا کے صرف اعشاریہ ایک فیصد لوگوں کو دیے اور میں بھی ان خوش نصیبوں میں شامل تھا۔مئی 1945ءکے پہلے ہفتے نازی فوج نے روس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے‘ 8 مئی کومعاہدے پر باقاعدہ دستخط ہوئے۔

اس نسبت سے روسی ہر سال نو مئی کووکٹری ڈے مناتے ہیں‘ ریڈ سکوائر میں ملک کی سب سے بڑی تقریب ہوتی ہے‘ صدر پیوٹن یہاں سے خطاب کرتے ہیں‘ میں اور شیخ مبشر ماسکو پہنچے تو ایسٹر کی تقریبات ختم ہو رہی تھیں اور وکٹری ڈے کی تیاریاں جاری تھیں‘ ریڈسکوائر میں کرسیاں لگائی جا رہی تھیں اور عارضی پویلین بنائے جا رہے تھے‘ یہ لوگ گلیوں کو سجانے کےلئے چھوٹے چھوٹے برقی قمقموں کی جھالروں کی چھت بناتے ہیں‘ یہ جھالریں رات کے وقت سیاحوں کو کسی دوسری دنیا میں لے جاتی ہیں۔

ریڈسکوائر کی بغلی گلیوں میں جھالریں لٹک رہی تھیں اور ہزاروں لوگ ان جھالروں کے نیچے سے گزر رہے تھے‘ ہم بھی آتے اور جاتے رہے اور ان کے جذبے کی داد دیتے رہے‘ یہ لوگ شراب اور کافی دونوں بہت پیتے ہیں‘ سٹاربکس روسیوں میں بہت مشہور ہے‘ آپ کو ہرگلی میں سٹاربکس مل جاتی ہے‘ میکڈونلڈ کا یورپ کا سب سے بڑا آﺅٹ لیٹ بھی ماسکو میں ریڈسکوائر کے قریب ہے‘ روسی شام کے وقت کام ختم کرنے کے بعد گھر جانے سے پہلے کسی پب‘ ریستوران یا کافی شاپ میں ضرور بیٹھتے ہیں۔

یہ لوگ شاپنگ کے رسیا ہیں‘ خواتین اپنی ساری آمدنی شاپنگ پر خرچ کرتی ہیں‘ آپ کو ہر روسی عورت مہنگے برانڈز کا اشتہار نظر آئے گی‘ مرد بھی کپڑوں‘ جوتوں اور جیکٹس پر بے تحاشا رقم خرچ کرتے ہیں‘ مجھے چار دن میں کوئی روسی گندہ نہیں ملا‘ یہ صاف ستھرے اور سمارٹ لوگ ہیں تاہم مرد کثرات شراب نوشی کی وجہ سے جلد ڈھل جاتے ہیں‘ آپ کو ان کی گردنیں بھی موٹی نظر آتی ہیں اور یہ سانس کے مسائل کا شکار بھی ہو جاتے ہیں۔آفتاب چودھری روس میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہیں۔

یہ دو وقفوں میں آٹھ برسوں سے روس میں تعینات ہیں‘ روسی زبان روانی کے ساتھ بولتے ہیں‘ یہ روس کے کلچر کو بھی سمجھتے ہیں اور سفارت کاری کو بھی‘ یہ ہمیں اپنے گھر لے گئے‘ پرتکلف کھانا کھلایا‘ یہ پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات سے بہت مطمئن ہیں‘یہ سمجھتے ہیں پاکستان اور روس دونوں تیزی سے دوست بن رہے ہیں‘روس مستقبل میں بھارت اور پاکستان کے تنازعوں کا حل نکال لے گا‘ یہ پیوٹن کے فین ہیں‘ یہ سمجھتے ہیں پیوٹن نے روسیوں کو ان کا کھویا ہوا اعتماد واپس دلایا‘ روسی اپنے صدر کا بہت احترام کرتے ہیں۔

روس پر 2014ءمیں کریمیا پر قبضے کے بعد اقتصادی پابندیاں لگ گئیں‘ یہ سوویت یونین کے بعد روس کا مشکل ترین دور تھالیکن قوم نے یہ وقت پیوٹن کی قیادت میں بڑے صبر سے گزارا‘ یہ قوم کو ساتھ لے کر چلنے کا فن جانتے ہیں اور یہ روس کو مزید بھی آگے لے جائیں گے۔میں اور شیخ مبشر تین مئی کی درمیانی رات ریڈسکوائر میں واک کر رہے تھے‘ ہم نے ازبک ریستوران سے کھانا کھایا اور ہم دریائے ماسکو کے ساتھ ساتھ بارہ کلومیٹر واک کرکے ریڈسکوائر پہنچ گئے‘ ریڈسکوائر کی رونقیں سمٹ رہی تھیں۔

گلیوں میں لوگوں کے قدموں کی چاپ تھی‘ ویٹرز گلیوں سے کرسیاں سمیٹ رہے تھے‘ لائیٹس آہستہ آہستہ بند ہو رہی تھیں‘ دریائے ماسکو کے پل اجڑتے چلے جا رہے تھے اور سٹریٹ سنگرز اپنے آلات سمیٹ رہے تھے‘ رات کالی تھی لیکن فضا میں ماسکو کا فسوں چمک رہا تھا‘ دریا کی طرف سے اچانک ایک پرندہ آیا‘ ریڈسکوائر کا چکر لگایا‘ دلدوز چیخ ماری اور دریا کی طرف واپس مڑ گیا‘ سناٹے کی چادر میں درجنوں چھید ہو گئے اور ہر چھید سے ہوا پھڑپھڑا کر گلیوں میں اترنے لگی‘ میں نے اوورکوٹ کے کالر اوپر کر لئے‘ ماسکو کی سردی گرمیوں میں بھی ہڈیاں جما رہی تھی۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…