انڈیانا(این این آئی)امریکی ریاست انڈیانا کے شہر والپاریسو سے تعلق رکھنے والا 10سالہ بچہ اپنی ماں کے 340پاؤنڈ وزن کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈکوٹا لیوی اسٹیونز نامی بچے کی موت اس کی 340پاؤنڈ وزن والی ماں جینیفر لی ولسن کے مبینہ طور پر اس پر تقریباً 5منٹ تک بیٹھنے کی وجہ سے ہوئی۔پولیس کو 25اپریل 2023 کو ولسن کے گھر سے ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی، پولیس پہنچی تو 10سالہ ڈکوٹا بے ہوش تھا اور اس کی نبض بھی نہیں چل رہی تھی، بچے کے گلے اور چھاتی پر شدید چوٹیں موجود تھیں، جس کی وجہ سے اسے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بچ نہ سکا۔
رپورٹس کے مطابق 48سالہ جینیفر کو اس کے لے پالک بچے کے قتل میں 6سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ملزمہ کے کہناتھا کہ بچہ جھوٹی تکلیف کا ڈرامہ کر رہا ہے اور اپنا درد بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا تھا، اسی لیے وہ اس کے چیخنے کے باوجود اس کے اوپر سے نہ ہٹی۔خاتون نے بچے پر تقریباً 5منٹ تک بیٹھے رہنے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ جب اس نے حرکت کرنا بند کر دی تو میں سمجھی کہ یہ ڈرامہ کر رہا ہے لیکن جب بچے کی آنکھیں کھول کر دیکھیں تو وہ زرد تھیں۔
جینیفر نے عدالت میں بیان دیا کہ اس کی نیت بچے کو گھر سے بھاگنے سے روکنے کی تھی اور یہ صرف حادثہ تھا۔بچے کے پڑوسی نے بتایا کہ ڈکوٹا اپنے گھر سے بھاگ کر ان کے پاس آیا تھا اور اس نے دعویٰ کیا تھا کہ والدین نے اسے چہرے پر مارا تھا۔اٹاپسی رپورٹ کے مطابق ڈکوٹا کی موت میکانیکل اسفیکسیا یعنی جسمانی دباؤکی وجہ سے ہوئی، جس کے نتیجے میں اس کے جگر اور پھیپھڑوں میں شدید خون بہنے کے آثار پائے گئے۔