ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی اور ابوظبی سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی کی اہم شاہراہوں پر بارش کے پانی کے نکاس کیلئے متعدد ٹینکرز اور موٹرز نصب کی گئی ہیں جبکہ پانی کے ساتھ مٹی اور ریت کا پھیلائو روکنے کیلئے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پولی تھین بیگز سے خصوصی روکاٹیں بنائی گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔دبئی حکومت نے 2 اور 3 مئی کو تعلیمی ادارے بند رکھنے اور کلاسز آن لائن رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے۔