کابل(آن لائن)افغان طالبان نے دھمکی دی ہے کہ امریکہ افغانستان سے اپنی فوجیں نکال لے ورنہ نتائج کاذمہ دار خود ہو گا۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ امریکہ دوحہ معاہدے کے مطابق افغانستان پر اپنا قبضہ ختم کرے اور اپنی افواج کو یہاں سے نکال لیں بصورت دیگر نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہو گا انہوں نے کہاکہ امریکہ کے پاس یکم مئی تک کی مہلت ہے اگر وہ اپنی افواج کو افغانستان سے نہیں نکالتا تو پھر ہمارے سخت رد عمل کے لئے تیار ہو جائے اور سنگین نتائج بھگتے گا۔دوسری جانب امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ
افغانستان سے امریکی قیدیوں کا انخلا یکم مئی تک ممکن لیکن بہت مشکل ہوگا، ایسا ہوسکتا ہے لیکن یہ بہت مشکل ہے، انخلا کے وقت سے متعلق فیصلے پر کام کر رہے ہیں۔جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے اس پر بہت زیادہ ٹھوس انداز میں بات چیت نہیں کی، اقتدار کی ہموار منتقلی نہ ہونے کی وجہ سے اس مسئلے پر کام کرنے میں وقت لگا۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق اس مسئلے پر ہم اب بات چیت کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ سال دوحا میں ہونے والے امریکا اور طالبان معاہدے کے مطابق غیر ملکی افواج کو یکم مئی تک افغانستان سے نکلنا ہے۔