مکہ مکرمہ(این این آئی )الحرمین الشریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے مسجد حرام کے اندر اذان دینے کے مقام (المکبریہ) کو روزانہ 7 مرتبہ دھویا جاتا ہے۔ اس عمل میں صفائی اور تطہیر کا 1200 لیٹر مواد استعمال ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حرم مکی کے مکبریہ کے اندر دھلائی اور جراثیم کش مواد سے صفائی کے عمل میں غیر معمولی اضافہ جنرل پریذیڈنسی کے اْن حتیاطی اقدامات کا حصہ ہے
جو وہ مسجد حرام میں کرونا وائرس پہنچنے سے روکنے کے واسطے کر رہی ہے۔دھلائی کے عمل سے قبل روزانہ 20 لیٹر ماحول دوست کیڑے مار دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔اس کے بعد دھلائی اور جراثیم سے صاف کیے جانے کا عمل انجام دیا جاتا ہے۔ ہر نماز سے قبل قالینوں کو دوبارہ بچھایا جاتا ہے۔ نماز سے قبل اور نماز کے فوری بعد ان قالیوں کو جراثیم کش مواد سے صاف کیا جاتا ہے اور پھر اٹھا لیا جاتا ہے۔ قالینوں کے تبدیل کیے جانے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے۔جنرل پریذیڈنسی نے محکمہ صحت کے حکام کی ہدایات کے مطابق نمازیوں کے درمیان دوری کے فاصلوں کو بھی لاگو کیا ہے۔ مسجد حرام میں مکبریہ کے مقام کے اندر 3 سینی ٹائزرز مشینیں موجود ہیں۔ ان میں روزانہ 15 لیٹر مواد بھرا جاتا ہے۔اس کے علاوہ مسجد حرام کے اندر روزانہ 3 بار قرآن کریم کے شیلفوں کو جراثیم سے پاک کر کے چمکایا جاتا ہے۔ دھلائی اور ہر نماز سے قبل 15 لیٹر خوشبودار مواد کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔