کابل/اسلام آباد (این این آئی ) افغان طالبان نے جنگ بندی کیلئے مشاورت شروع کر دی، طالبان کے ایک وفد کی افغانستان میں ممکنہ جنگ بندی کے بارے میں قیادت سے مشورے کیلئے پاکستان کے دورے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم پاکستا نی حکام کی جانب سے ایسے کسی بھی دورے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں، طالبان کی جانب سے افغانستان میں جنگ بندی پر مشاورت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، ممکنہ جنگ بندی کے
حوالے سے وفد پاکستان کا دورہ کر چکا ہے، اطلاعات کے مطابق وفد میں قطر میں مقیم طالبان کے تین سینئر ممبران شہاب الدین دلاور، ملا فضل اور خیرخواہ خیر اللہ نے قیادت سے جنگ بندی کے حوالے سے مشاورت کیلئے پاکستان کا دورہ کیا جس میں امریکا کے ساتھ مذاکرات میں در پیش مختلف امور پر مشاورت کی گئی تاہم اس حوالے سے پاکستانی حکام کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی، ذرائع کے مطابق جنگ بندی کا انحصار افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا پر ہے۔