کابل(این این آئی) افغان طالبان نے بتایا ہے کہ افغان حکومت حکومت نے ان کے متعدد ساتھیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہا ہونے والوں میں طالبان کے کئی سابق شیڈو گورنر بھی شامل ہیں جبکہ قیدیوں کے اس تبادلے کے تحت تین بھارتی انجینئرز کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اطلاعات طالبان عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں تاہم قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ابھی تک افغان حکومت یا بھارت کی حکومت کا کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا۔ اس حوالے سے افغان وزارت دفاع اور
صدارتی دفتر سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فی الحال کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔طالبان نے بتایاکہ افغان حکومت نے جن طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے، ان میں شمال مشرقی صوبے کنٹر کے شیڈو گورنر شیخ عبدالرحیم اور جنوب مغربی صوبے نمروز کے شیڈو گورنر مولوی رشید شامل ہیں۔ طالبان نے افغانستان بھر میں اپنی شیڈو حکومت قائم کر رکھی ہے اور اس میں وہ علاقے بھی شامل ہیں، جو ان کے زیر کنٹرول نہیں ہیں۔ ان علاقوں میں طالبان کی متوازی عدالتیں بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔