صنعاء(این این آئی)یمن میں حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان سویڈن میں طے پائے جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کے لیے اقوام متحدہ کے مبصرین پرمشتمل کمیٹی کے چیئرمین ڈینش جنرل مائیکل لولیسگارڈ نے تجویزدی ہے کہ الحدیدہ کی تمام گذرگاہوں کا کنٹرول بین الاقوامی نگرانی میں دیا جائے۔عرب ٹی وی کے مطابق جنرل مائیکل لولیسگارڈ نے اپنی تجاویز امن روڈ میپ کی تفصیلات یمن کے آرمی چیف جنرل عبداللہ النخعی کے سامنے پیش کیں۔
اس موقع پر الحدیدہ میں نگرانی کے لیے قائم کردہ حکومتی ٹیم بھی موجود تھی۔جنرل لولیسگارڈ کا کہنا تھا کہ ان کا پلان الحدیدہ کی گذرگاہوں کو محفوظ بنانے، انسانی امداد کی متاثرین تک رسائی کو یقینی بنانے اور شہر میں امن وامان کی بحالی میں مدد گار ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تجاویز یمن کے دونوں متحارب فریقین کے سامنے رکھیں گے۔ الحدیدہ کی تمام گذرگاہوں کو عالمی نگرانی میں دینے سے شہر میں انسانی سرگرمیوں کی بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔