روم(این این آئی)اٹلی کے جزیرے سسلی (صقلیہ) میں واقع یورپ کے سب سے متحرک آتش فشاں پہاڑ ایٹنا کے علاقے کے نزدیک بدھ کو 4.8 کی شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ،عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ایک ہائی وے کو جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی حکام نے ایک بیان میں کہاکہ زلزلے سے منہدم ہو جانے والی ایک عمارت سے دو افراد کو نکالا گیا ہے اور کم سے کم دس افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انھیں ملبہ گرنے
سے معمولی زخم آئے ۔ایک ضعیف العمر خاتون کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ان کے علاوہ اٹھارہ افراد نے خود سے اسپتال کا رْخ کیا ہے۔ انھیں بھی معمولی زخم آئے تھے یا وہ زلزلے کے نتیجے میں صدمے سے دوچار ہوگئے ۔زلزلے سے متاثرہ علاقہ چھوٹے قصبوں اور فارموں پر مشتمل ہے۔ اس علاقے میں ماؤنٹ ایٹنا سے گذشتہ سوموار کو لاوا پھوٹ پڑا تھا۔اس کے بعد یہ پہلا شدید زلزلہ ہے۔آتش فشاں پہاڑ سے راکھ اڑ رہی ہے اور سسلی کی فضائی حدود کو عارضی طور پر پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔