بیجنگ(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تجارتی کشیدگی میں مقابلے کیلئے اب چین کے ترکش میں تیر کم پڑ گئے ہیں۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حکومت نے2 کھرب ڈالرز کی چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگایا ہے جبکہ چینی حکومت نے صرف 53 ارب امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگانے کا اعلان کیا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ دوسری طرف دیکھا جائے تو نظر آتا ہے کہ گزشتہ تین مہینوں کی تجارتی کشیدگی کے بعد خود
امریکی حکومت ہی کے پاس چین کے خلاف مقابلہ کرنے کے وسائل کم سے کم ہوتے چلے جا رہے ہیں۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے تبصرے میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ تجارتی کشیدگی میں کوئی بھی فاتح نہیں ہوتا کیونکہ تجارتی کشیدگی میں کوئی بھی فریق نقصانات سے نہیں بچ سکتا۔دنیا میں سب سے بڑی طاقت بھی معیشت کی عالمگیریت کے رجحان کو روک نہیں سکتی۔اگر امریکی حکومت چین کے خلاف تجارتی تنازعہ کو ختم کرنا چاہتی ہے تو چین بات چیت کے لیے تیار ہے۔