واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سپریم کورٹ نئے جج بریٹ کیوانا سے اس عہدے کے لیے تصدیق کی کارروائی کے دوران بقول ان کے جھوٹ پر مبنی مہم کے لیے معذرت کی ہے۔صدر ٹرمپ کا اشارہ بریٹ کیوانا کی نامزدگی پر ہونے والی تلخ و ترش بحث کی جانب تھا جو ان پر جنسی تشدد کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد شروع ہوا تھا۔جسٹس کیوانا نے کئی خواتین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔صدر
ٹرمپ کی معذرت کے جواب میں بریٹ کیوانا نے کہاہے کہ وہ اپنے عہدے کی متنازع فیہ تصدیق کے باوجود کبیدہ خاطر نہیں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی تقریب جب شروع ہوئی تو صدر ٹرمپ نے کہاکہ تمام ملک کی جانب سے میں بریٹ اور تمام کیوانا خاندان سے تمام تکلیف اور پریشانیوں کے لیے معذرت کرتا ہوں جو انھیں سہنی پڑیں۔اور انھوں نے جھوٹ اور فریب پر مبنی سیاسی اور ذاتی تباہی کی مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تاریخی جانچ پڑتال میں وہ بے قصور ثابت ہوئے۔