لندن (اے این این)ای آئی یو کی جانب سے مرتب کی گئی فہرست کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب کراچی رہائش کے اعتبار سے انتہائی غیر موزوں ہے۔ای آئی یو نے 140 شہروں کا سیاسی، سماجی، جرائم، تعلیمی اور صحت کے اعتبار سے سالانہ سروے کیا جس کے بعد رہائش کے لیے موزوں دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی۔اس فہرست میں شہر کراچی 137 نمبر پر ہے، جس کے تحت کراچی رہائش کے اعتبار سے دنیا کا غیر موزوں شہر قرار پایا۔
ای آئی یو کی فہرست میں 138 نمبر پر نائیجیریا کا شہر لاگوس، 139 نمبر پر بنگلہ دیش کا ڈھاکا اور سب سے آخر میں شامی دارالحکومت دمشق ہے ۔ای آئی یو کی رپورٹ کے مطابق کراچی اور دمشق جیسے شہروں کے اسکور کم ہونے کی وجہ ملکی تنازعات ہیں۔دوسری جانب رہائش کے اعتبار سے بہترین شہروں میں سرِفہرست آسٹریا کا ویانا قرار پایا، جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کا میلبورن اور تیسرے نمبر پر جاپان کے شہر اوساکا نے اپنی جگہ بنائی۔