برلن(این این آئی)جرمن حکومت نے کہاہے کہ آئندہ پناہ کی تلاش میں جرمنی آنے والے تارکین وطن کو ان کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلہ ہونے تک خصوصی حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں جرمن حکومت نے کہاکہ آئندہ پناہ کی تلاش میں جرمنی آنے والے تمام غیر ملکیوں کو خصوصی حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔
جب تک جرمن حکام ان کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے نہیں، انہیں ان حراستی مراکز سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔موجودہ ضوابط کے مطابق جرمنی آنے والے تارکین وطن کو پناہ کی درخواستیں جمع کرانے کے بعد تین ماہ تک پناہ گزینوں کے خصوصی مراکز میں رہنا ہوتا ہے۔ پناہ گزین رہائش کے لیے اپنی مرضی سے کسی شہر کا انتخاب نہیں کر سکتے۔ انہیں جرمنی بھر میں آبادی کے تناسب کے اعتبار سے مختلف صوبوں میں بھیج دیا جاتا ہے۔ تاہم اس کے باجود ان کی نقل حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوتی۔ پناہ کی درخواست مسترد ہونے کی صورت میں نہ تو انہیں کام کرنے کی اجازت دی جاتی ہے اور نہ ہی وہ جرمنی سے واپس وطن یا کسی دوسرے ملک بھیج دیے جانے تک وہ اپنے تئیں کہیں سفر کر سکتے ہیں۔