پٹنہ (سی پی پی )بھارتی ریاست بہار میں چوک کا نام نریندرا مودی سے موسوم کرنے والے شخص کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ کے ایک چوک کا نام وزیراعظم نریندرا مودی سے منسوب کرنے پر مخالف جماعت
کے کارکنان نے یادیو کے گھر پر حملہ کرکے اسے قتل کردیا اور مبینہ طور پر اس کا سر کاٹ ڈالا۔ ریاست بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہار کی حکمراں جماعت کو شکست دینے کے بعد سے حالات نہایت کشیدہ ہوگئے ہیں۔چوک کا نام نریندرا مودی رکھنے پر شروع ہونے والے جھگڑے نے تیج نارائن یادیو کی جان لے لی۔ مقامی میڈیا کے مطابق یادیو اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان نے بہار کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس چوک کا نام نریندرا مودی کے نام سے منسوب کردیا جب کہ مخالف جماعت اس چوک کو سابق وزیر اعلیٰ بہار لالو پرساد کے نام پر رکھنا چاہتی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر ایف آئی آر درج کرلی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے جب کہ قتل کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 40 حملہ آوروں نے یادیو کو قتل کیا جن کی شناخت کا عمل جاری ہے، ابتدائی طور پر 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔