تہران(این این آئی)ایران نے خلیجی ریاست قطر کی ہرممکن حمایت اور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ماتحت نیول فورس کے وائس ایڈمرل بریگیڈیئر علی رضا تنکسیری نے کہا کہ قطر ان کا حلیف ہے اور وہ قطری حکومت اور قوم کی ہرممکن مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات قطر کے ساتھ تعاون کے متقاضی ہیں اور ہم دونوں ملکوں کیدرمیان تعلقات اور
تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔بریگیڈیئر تنکسیری کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں ہونے والی دفاعی نمائشوں میں ایران میں تیار کیے جانے والے دفاعی آلات کو پیش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے اپنی تقریر میں قطر کے بعض دوسرے خلیجی ممالک کے ساتھ پائے جانے والی کشیدگی پر بھی بات کی اور کہا کہ قطر نے پڑوسی ملکوں کی طرف سے اقتصادی اور سفارتی بائیکاٹ کے باوجود تمام شعبوں میں کامیابی کے ساتھ سفرجاری رکھا ہوا ہے۔