واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ان کے برطرف امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کے ساتھ اختلافات تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس بارے میں وائٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے اچھے تعلقات تھے، لیکن کچھ معاملات پر ہمارا اختلاف تھا۔ اگر آپ ایران سے ہونے والے معاہدے کا مسئلہ دیکھیں تو میرے خیال میں یہ بہت سنگین ہے۔
شاید ان کی نظر میں یہ اتنا سنگین نہیں تھا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں یہ معاہدہ ختم کرنا چاہتا تھا لیکن وہ کچھ اور سوچ رہے تھے، ہمارے خیالات ایک جیسے نہیں تھے۔صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ نئے نامزد وزیرِ خارجہ اور ان کے خیالات کافی ملتے ہیں اس لیے ’ہم اچھے طریقے سے کام کر سکیں گے۔صدر ٹرمپ کے بقول ریکس ٹلرسن ایک اچھے انسان ہیں اور میں انھیں بہت پسند کرتا ہوں۔