دمشق (این این آئی)ایران نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک اسلامی کالج کے قیام کا ا علان کیا ہے۔اس سے قریباً ایک ماہ قبل ایران نے اسلامی آزاد یونیورسٹی کی شام کے مختلف شہروں میں متعدد شاخیں کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ایران کی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق خارجہ تعلقات کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے شام کے وزیر برائے مذہبی امور محمد عبدالستار سے ملاقات میں دمشق میں اس کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
کمال خرازی نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف اسلامی فرقوں کے علماء کے ایک فورم کے قیام کی ضرورت پر زوردیا ہے۔تسنیم کے مطابق وزیر عبدالستار نے شام میں ایران کے کردار اور اسد رجیم کے لیے حمایت کو سراہا ہے۔انھوں نے کہا کہ شامی دارالحکومت میں اس کالج کے قیام کی تاریخ کا اعلان اسلامی فرقوں کے درمیان مفاہمت کے لیے قائم عالمی اسمبلی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔قبل ازیں ایران کی اسلامی آزاد یونیورسٹی کے بانی بورڈ کے سربراہ اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے شام ، لبنان اور عراق میں اس جامعہ کی مختلف شاخیں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔تجزیہ کار ایران کے اس طرح کے اقدامات کو اپنے نظریاتی ،سیاسی اور مذہبی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔ ایران ان تینوں ممالک میں عسکری طور پر بھرپور انداز میں دخیل ہے اوراس کے فوجی اور تربیت یافتہ ملیشیائیں شام اور عراق میں لڑ رہی ہیں اور لبنان کی حزب اللہ کو خطے میں اس کی تزویراتی اتحادی اور گماشتہ تنظیم قرار دیا جاتا ہے۔