اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے ناقابل تسخیر ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا کے چپے چپے کی رینج حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے چوتھے صدارتی انتخاب سے قبل روسی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے سالانہ خطاب کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ روس نے ناقابل تسخیر ہتھیار تیار کرلیے ہیں، یہ ہتھیار دنیا میں کہیں بھی مار کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ روس ایٹمی صلاحیت سے بھرپور ایسے ڈرون بھی تیار کر رہا ہے جو آبدوز سے چھوڑے جاسکیں گے۔
روسی صدر کے دو گھنٹے طویل خطاب کے دوران سرکاری ٹی وی نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سسٹم ’سرمٹ‘کی ویڈیو بھی چلائی ۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سسٹم ’سرمٹ ‘ دنیا کے کسی بھی حصے کو نشانہ بناسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کے اس نئے ہتھیار کو یورپ اور ایشیا میں جال کی طرح بچھے ہوئے امریکی دفاعی نظام بھی نہیں روک سکتا ہے۔پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس ایسے ڈرون بھی تیار کر رہا ہے جنہیں آبدوز سے چھوڑا جا سکے گا، یہ ڈرون جوہری حملہ بھی کر سکیں گے۔