اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت چین کے خلاف رفتہ رفتہ ایٹمی صلاحیت بڑھانے اور روائتی ڈیٹیرنس کے طور پرملک کے مشرقی حصہ میں رافیل طیاروں کا پہلا اسکواڈرن تعینات کرے گا۔یہ طیارے ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سوخوئی ایم کے آئی پہلے ہی آسام کے تیز پور اور چوبا کے ہوائی اڈوں پر کام کر رہے ہیں ،بھارتی فضائیہ اب بنگال کے ہسی مارا ہوائی اڈے پر 18رافیل طیارہ تعینات کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ،طیارے 2019 کے آخر تک تعینات کر دئے جائیں گے۔طیاروں کی تعیناتی ایسے وقت میں کی جارہی ہے جب بھارت ایٹمی صلاحیت کے حامل اگنی فور اور اگنی 5بیلسٹک میزائل کی تیاری میں مصروف ہے اور اسٹریٹیجک فورس کمانڈ میں اگنی تھری میزائل شامل کیاجاچکا ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں فرانس سے ہونے والے 59ہزار کروڑ روپے کے سودے کے تحت بھارتی فضائیہ 2022تک 36رافیل طیارے حاصل کرے گی۔