ماسکو(این این آئی)روس میں موجودہ صدر ولادیمیر پوٹن کے ایک بڑے حریف اور ممتاز اپوزیشن رہنما الیکسے ناوالنی نے اپنے خلاف جاری ایک مقدمے کے باوجود اعلان کیا ہے کہ وہ 2018ء کے انتخابات میں صدر کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چالیس سالہ ناوالنی پانچ سال پہلے پوٹن کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے منظم کرنے والے رہنماؤں میں سے ایک تھے تاہم 2013ء میں اْنہیں چوری کے الزام میں ایک روسی عدالت کی جانب سے پانچ سال کی معطل سزائے قید سنائی گئی تھی۔
بعد ازاں روسی عدالت نے یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس کے ایک فیصلے کے پیشِ نظر یہ سزا ختم کرتے ہوئے مقدمے کی کارروائی نئے سرے سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آیا اس مقدمے کے ہوتے ہوئے وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی۔ عوامی جائزوں کے مطابق ایک بار پھر صدر بننے کے خواہاں پوٹن کے مقابلے میں ناوالنی کی کامیابی کے کوئی امکانات نظر نہیں آتے