بیجنگ(آئی این پی) چینی صدر ژی جنگ پنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی بنیاد اعتماد اور دوطرفہ حمایت پر ہے اور دونوں ممالک ہر اچھے برے وقت کے مخلص دوست ہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری کی ویب سائٹ کی لانچنگ کے موقع پر اپنے پیغام میں چینی صدر ژی جنگ پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی شراکت داری دونوں ملکوں کی دوستی کی غماز ہے اور دونوں ممالک کو اعلی سطح کے دوروں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مسائل پر ایک دوسری کی مدد اور بنیادی مفادات کا احترام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی معاونت کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاک اور چین کو اقتصادی راہداری کو موثر بنانے کے لئے گوادر پورٹ، انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کے لئے جاری منصوبوں پر تعاون بڑھانا چاہیئے جب کہ راہداری منصوبہ ایسا پھل ہے جس کے ثمرات پورے خطے کو میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ غیر روایتی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے، معاشی تعاون اور مشترکہ ترقی کے لئے ہر ممکن سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتا ہے۔واضح رہے کہ سی پیک منصوبے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے ویب سائٹ کی لانچنگ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چین کی جانب سے چینی سفیرسن ویڈونگ اور پاکستان کی جانب سے مشاہد حسین سید نے نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی بھارت کو بے پناہ کھٹکتی ہے جس کا اندازہ اس کی پاک چین دوستی مخالف بیانات سے بھی لگایا جا سکتا ہے ۔