سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارت پولیس نے ہتھیارچھیننے کے واقعات سے بچنے کی خاطر چھیننے والوں کی نشاندہی کے لیے ہتھیاروں میں کمپیوٹر چپس نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے کمپیوٹر چپس نصب کرنے میں مدد کی پیشکش کے حوالے سے ایک تجویز متعلقہ حکام کو بھیج دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں امن وامان اور کوآردینیشن کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید نے جنوبی کشمیر میں سینئر پولیس حکام کے ساتھ حال ہی میں ایک ملاقات کی جس میں ہتھیار چھیننے کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ ویدنے جو جنوری میں کشمیر میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے واضح ہدایات کیں کہ ہتھیار چھیننے کے واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ ایک اندازے کے مطابق حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران بھارتی فورسزکے اہلکاروں سے انساس، کاربائن، ایس ایل آر اور تھری ناٹ تھری جیسی ایک سو سے زائد بندوقیں چھینی گئیں۔ بھارتی فوج نے وادی کشمیر میں ہتھیار چھیننے کے واقعات پرسخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس پر زوردیا کہ وہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اپنے آپ کو مضبوط کرے۔