کیرولائنا(این این آئی)امریکی صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹ جماعت کے تمام حامیوں سے کہا ہے کہ وہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں اور متنبہ کیا کہ امریکہ اور دنیا کی قسمت داؤ پر ہے،ادھر امریکی ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدر اوباما کو ہلیری کلنٹن کی مہم چلانا بند کرنا چاہیے اور ملک کو چلانے پر توجہ دیں،اصل بات یہ ہے کہ کوئی بھی اوباما کے مزید چار سال نہیں چاہتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر اوباما نے یہ بات جنوبی کیرولائنا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کہا کہ وہ جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی شہری آزادیاں، امریکہ اور دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔صدارتی انتخابات میں اہم ریاست جنوبی کیرولائنا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ امریکہ کی قسمت کی ذمہ داری آپ لوگوں کے کندھوں پر ہے۔ دنیا کی قسمت لڑکھڑا رہی ہے اور آپ لوگ ہی ہیں جو اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ اسے سہارا دیا جائے۔ادھر ایک بیان میں امریکی ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صدر اوباما کو ہلیری کلنٹن کی مہم چلانا بند کرنا چاہیے اور ملک کو چلانے پر توجہ دیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ کوئی بھی اوباما کے مزید چار سال نہیں چاہتا۔