نئی دہلی /لاہور( این این آئی)پاکستان کے ساتھ بھارت کو کشیدگی بھاری پڑ گئی،روزانہ کروڑوں کا نقصان،پاکستان کو سبزیوں کی سپلائی روکنے سے بھارت کو روزانہ 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔سرحد پر کشیدگی کے باعث بھارتی تاجروں نے پاکستان کو سبزیوں کی برآمد روکدی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے تاجروں نے پاکستان کو ٹماٹر اور سبز مرچیں فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی تاجروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات معمول پر آنے تک سبزیاں پاکستان نہیں بھیجی جائیں گی۔ دوسری جانب پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشیدگی کے باوجود باہمی تجارت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔بھارت کی جانب سے پاکستان کو ٹماٹروں کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت سے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر کے 60 سے 70 ٹرک پاکستان سپلائی کئے جا رہے تھے جبکہ پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ بھارت سے سبز مرچ برآمد ہی نہیں کی جا رہی تو اس کی فراہمی روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سبزیوں کی سپلائی روکنے سے بھارت کو روزانہ 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔