سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر ،بھارت نے بڑا قدم اُٹھالیا،بڑے پیمانے پر فوج کی نقل و حرکت،مقبوضہ کشمیر میں جاری احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے بھارت نے گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مزید 102 کمپنیاں تعینات کردی ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض حکام کا کہنا ہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعدہونے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے سی آر پی ایف کے 8000سے زائد اضافی اہلکارتعینات کئے گئے ہیں جبکہ مقبوضہ علاقے میں سی آر پی ایف کی 47بٹالینز پہلے ہی موجود ہیں۔اضافی کمپنیوں کو سرینگر اور دیگر اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔واضح رہے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی سات لاکھ سے زائد مسلح افواج اور نیم فوجی دستے پہلے ہی تعینات ہیں۔