اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے گزشتہ روز خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ کہ ایران نے اپنی ائیرلائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے،جدید ترین طیارے اور آلات خریدنے اور سیاحت کے شعبہ کی ترقی پر بھرپور توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو ایک لاکھ سے زیادہ ویزے جاری کئے جا رہے ہیں جسکی تعداد میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ بلوچستان کے علاقہ پیشین میں ایک نیا بارڈر پوائنٹ کھولا جا رہا ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئینگے اوردو طرفہ تجارت بڑھے گی۔ پاکستان کا استحکام ایران کا استحکام ہے جبکہ چاہ بہار کی بندرگاہ ایک کمرشل منصوبہ ہے جس سے گوادر کی بندرگاہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ ایرانی پاکستان میں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کریں اور یہ کہ تجارت کا موجودہ حجم کم ہونے کی وجہ دونوں ممالک کے باہمی رابطوں کی کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران سے فوری طور پر گیس اور بجلی درامد کی جائے تاکہ معیشت ترقی کر سکے اور لاکھوں نوجوانوں کو روزگارفراہم کیا جا سکے۔