کابل / پشاور(آئی این پی) افغان حکومت اور جہادی تنظیم حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق رائے کرلیا گیا، حزب اسلامی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی، گلبدین حکمت یار بھی 15سال بعد جلد منظر عام پر آجائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان 25نکاتی معاہدے پراتفاق ہوا ہے باضابطہ معاہدہ کل ہوگا اور افغان حکومت کی جانب سے باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گابعد ازاں گلبدین حکمت یار پندرہ سالہ روپوشی ختم کرکے منظر عام پر آئیں گے۔معاہدے کے مطابق حزب اسلامی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت دی جائے وہ ملک بھر میں اپنے دفاتر کھول سکے گی، اپنی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے جہادی تنظیموں سے قطع تعلق کا اعلان کرے گی۔ ترجمان حزب اسلامی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔