ریاض(این این آئی)سعودی وزارت خارجہ کے ایک ذمہ دار نے کہاہے برطانوی اخبار انڈی پینڈینٹ کی شائع کردہ رپورٹ بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔ اخبار نے دعوی کیا تھا کہ عراقی وزارت خارجہ نے بغداد میں سعودی سفیر ثامر السبہان کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ انہوں نے عبدالسلام السبہان نامی ایک شخص کی مذمت سے انکار کر دیا تھا۔ اخبار کا دعوی ہے کہ مذکورہ شخص سعودی سفیر کے چچا کا بیٹا ہے اور وہ دہشت گرد تنظیم داعش کے ساتھ لڑتے ہوئے مارا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے ذمہ دار نے واضح کیا کہ عبدالسلام السبہان کے نام سے سعودی سفیر ثامر السبہان کا کوئی رشتے دار نہیں اور مذکورہ شخص سفیر کے خاندان سے تعلق نہیں رکھتا ہے۔مذکورہ ذمہ دار نے ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا کہ خبروں کے نشر کرنے کے سلسلے میں تصدیق کرنے کے ساتھ پیشہ ورانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا جائے۔