اسلام آباد(نیوزڈیسک)چینی حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک انوکھا منصوبہ متعارف کرادیا جس کے تحت تجرباتی طور پر 50 سے زائد سرکاری افسروں کی بیگمات کو رشوت کے خاتمے کے لیے فوجی وردیاں پہنا کرتربیت دی جارہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ روئی جن کے حکومت کی طرف سے سرکاری افسروں کی بیگمات کے لیے رشوت سے آگاہی اورخاتمے کی کاوشوں کے متعلق ایک تربیتی ورکشاب کا اہتمام کیا گیا جہاں خواتین نے فوجی وردی پہنی خواتین کی تربیت کا مقصد اس حوالے سے آگاہی پھیلانا تھا کہ سرکاری افسروں کی بیویاں کس طرح رشوت کے خاتمے میں کردارادا کرسکتی ہیں اورحکومت کی طرف سے جاری رشوت کے خاتمے کی مہم میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ورکشاپ کے دوران ان خواتین کو چینی کیمونسٹ پارٹی کی تاریخ کے متعلق بھی آگاہی دی گئی اور انقلاب چین سے وابستہ اہم تاریخی مقامات کا دورہ بھی کروایا گیا۔ بظاہر اس کا مقصد یہ نظرآتا ہے کہ سرکاری افسروں کے اہلخانہ کو چین کے تاریخی پس منظر سے روشناس کرایا جائے اوریہ یاد دلایاجائے کہ کیمونسٹ پارٹی کا بنیادی مقصد سرمایہ کمانا نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ چینی حکومت کو توقع ہے کہ سرکاری افسروں کی بیویاں اپنے شوہروں کو سیدھے راستے پر رکھنے پراہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔