سکھر(آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے سیاسی ورکرز اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر سے نکلتے وقت اپنی گاڑیوں، خصوصاً گاڑیوں کی ڈگی چیک کرلیا کریں۔سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں جیل میں ڈالنے سے اگر معیشت اچھی ہوتی ہے تو ڈال دیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، عمران خان نے جیل کی ہوائیں نہیں کھائیں لیکن ہمیں جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے
متعلق سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی ڈگی چیک کر کے گھر سے نکلا کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں جیل میں ڈالنے سے عوام کو سہولت ملتی ہے تو پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیں، گرفتاریاں صرف عمران خان کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ہیں۔خورشید شاہ نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت کسی ایک منصوبے کا بتا دے جو انہوں نے شروع کیا ہو۔