اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزن بڑھانا جتنا آسان ہے ، اسے گھٹانا اتنا ہی مشکل ہے۔اس کے مشکل لگنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ عام طور پر اس کیلئے اپنائے جانے والے طریقوں میں دلچسپی کا عنصر نہیں ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر صبح سویرے میٹھی نیند کی قربانی دے کے چہل قدمی کیلئے جانا کسے آسان یا اچھا لگے گا۔ اسی طرح مزیدار سنیکس کو چھوڑ کے پھیکی ابلی سبزیاں کھانا بھی کفران نعمت ہی معلوم ہوتا ہے تاہم روزمرہ معمولات میں تھوڑی سی تبدیلی سے وزن کی کمی کو آسان اور دلچسپ بنایا جاسکتا ہے۔کچھ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ آئینے کے سامنے کھانا کھانے سے وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح کھانے سے اپنے کھانے پینے کی عادات پر بھی نظر پڑتی ہے اور انہیں سدھارنے کے ساتھ ساتھ غذا کی مقدار بھی کم ہوجاتی ہے۔ کچھ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آئینے کے سامنے کھانے کو مزید موثر بنانا ہے تو بے لباس حالت میں کھائیں۔ اس طرح کھانا کچھ عجیب تو معلوم ہوگا تاہم جب اپنے جسم کے بے ڈھب بل دکھائی دیں گے تو کھانے کی مقدار خودبخود ہی کم ہوجائے گی۔گھر سے کپڑوں کی دھلائی والی ماسی کی چھٹی کردیں اور خود کپڑے دھونا شروع کردیں۔ یقین مانیں مگر حقیقت یہ ہے کہ کپڑے بھگونا، ملنا،کھنگالنا اور پھر نچوڑ کے پھیلانا ایک بھرپور ورزش ہے جس سے 120کیلوریز تک جلائی جاسکتی ہیں۔