مین ہیٹن (نیوز ڈیسک) آئس کریم سینڈوچ امریکیوں کا من بھاتا کھاجا ہے تاہم اس کی ایجاد کے حوالے سے شائد اکثریت اس حقیقت سے لاعلم ہو کہ اسے پھیری پر آئس کریم بیچنے والے افراد نے مزدور پیشہ افراد کیلئے تیار کیا تھا، اور اسے کھانے والوں میں جوتے پالش کرنے والے اور دلالی کرنے والے سرفہرست ہوتے تھے۔انیسویں صدی کے اوائل میں پھیری والے آواز لگا کے دو پتلے سے ویفرز کے بیچ وینیلا آئس کریم کی تہہ لگا کے فروخت کرتے تھے جو آج نیویارک کے اعلیٰ ترین ریستورانوں میں نفیس افراد کو پیش کیا جانے والا ایک معروف میٹھا ہے۔اس وقت اس میٹھے کو ایجاد کرنے کی وجہ ان مزدوروں کا مصروف طرز زندگی تھا جس کی وجہ سے ان کیلئے بطورخاص بیٹھ کے کھانا کھانا بے حد مشکل ہوتا تھا، سو وہ چلتے پھرتے آئس کریم سینڈوچ کھالیتے تھے۔ اس میں موجود ویفرز کی بدولت ان کے جسم میں کچھ ٹھوس اجزائ بھی جاتے تھے اور اس کے بیچ موجود آئس کریم انہیں لطف اور توانائی باہم پہنچاتی تھی۔ آج، نفیس کاغذ میں ملفوف وینیلا کیکس کے بیچ دھرے آئس کریم کے دو سکوپس میں عام طور پر جو ذائقے پیش کئے جاتے ہیں، وہ بڑوں میں بے حد مقبول ہیں جس کی وجہ ان کا غیر معروف اور روایتی ذائقوں سے ہٹ کے ہونا ہے۔ پتلے ویفرز کے بیچ دھری آئس کریم کی وجہ سے ابتدا میں پیش کئے جانے والے آئس کریم سینڈوچز ماسوائے کرکرے کناروں کے ایک ٹھنڈا اور نرم سا میٹھا ہوتا تھا۔ عوام، ویفر کی جس نرمی سے اس آئسکریم سینڈوچ کی بدولت متعارف ہوئے، وہ عام ویفرز میں کہاں تھی، اور اسی نرمی کی خاطر پھر ان ویفرز کی جگہ کوکیز اور پھر کیکس نے لے لی۔ جدید ریستورانوں میں اب آئس کریم کے ہمراہ ویفلز کو بھی ویفر کے متبادل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن جو مزہ ویفر کے بیچ نیم جمی اور نیم پگھلی آئس کریم کو ہاتھوں میں تھام کے کھانے کا تھا، وہ ریستورانوں کے پرکیف ماحول، نفیس پیالی میں دھری ویفل کے ہمراہ پیش کی گئی آئس کریم میں کہاں؟آئس کریم سینڈوچ کو کون آئسکریم کا متبادل سمجھنا حماقت ہے کیونکہ کون آئس کریم میں کون کا مقصد صرف اور صرف آئس کریم کو ایک ایسا سہارا فراہم کرنا ہوتا ہے جس پر آئس کریم کو رکھا جاسکے جبکہ آئس کریم سینڈوچ میں، ویفرز اس ڈش کا ایک مرکزی حصہ ہوتا ہے جس کے بغیر اس کے اصل ذائقے سے لطف اٹھانا ممکن نہیں۔ اگر آپ کے نزدیک آئس کریم سینڈوچ کی اہمیت ویسے ہی ہے جیسا کہ کوکیز کے ساتھ آئس کریم کی تو اپنے خیال پر نظر ثانی کیجیئے۔ کوکیز اور آئس کریم علیحدہ علیحدہ جس قدر لطف دیتے ہیں، باہم ملنے پر اسی قدر بے مزہ میٹھا بن جاتے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں