لاہور( این این آئی) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں عوام کو علاج معالجے کی وہ سہولیات میسر نہیں جو دوسرے ممالک میں ان کی عوام کو حاصل ہیں ، خاص طو رپر غریب اور وسائل نہ رکھنے والے مریضوں کو علاج معالجے کیلئے جو پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں
وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ، حکومت عوام کوصحت کی یکساں سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اورخاص طو رپر پیچیدہ امراض کیلئے مخصوص ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ ایک بیان میں بشری انصاری نے کہا کہ جن کے پاس وسائل ہیں وہ تو پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کر الیتے ہیں لیکن یہاں بسنے والے غریبوں کی اکثریت کو سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے اور وہاں پر ان کے ساتھ جو سلوک ہوتا ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے ۔ حکومت عوام سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کرتی ہے لہٰذا انہیںصحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اس کا اولین فرض ہے اور خاص طو رپر حکومت صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔