اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ملک میں ایل این جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گیس صارفین کو مہنگائی کے ایک اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اکتوبر کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے نرخوں میں ستمبر کے مقابلے میں 15.27 فیصد اضافہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔اعلامیے کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے نظام میں ایل این جی کی قیمت 2.13 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد فی ایم ایم بی ٹی یو نیا نرخ 17.32 ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے نیٹ ورک پر بھی ایل این جی مہنگی ہوئی ہے۔
یہاں قیمت میں 2.17 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 16.39 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت اکتوبر کے مہینے میں دونوں گیس کمپنیوں کے نظام پر نظرثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوگرا ہر ماہ ایل این جی کے نرخوں کا جائزہ لیتا اور نئی قیمتوں کا اعلان کرتا ہے۔ہوگئی ہے۔



















































