لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ میں مثبت رجحان سامنے آیا ہے اور اگست کے دوران کاروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی طلب بڑھنے سے آٹو سیکٹر کی سرگرمیوں میں بھی بہتری دیکھی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 15 ہزار 558 کاریں فروخت ہوئیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ یعنی جولائی اور اگست کے مجموعی اعداد و شمار بھی گاڑیوں کی مارکیٹ میں نمایاں بہتری کی نشاندہی کرتے ہیں۔
جولائی اور اگست میں مجموعی کار فروخت 41 فیصد اضافے کے ساتھ 35 ہزار 376 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اگست کے دوران ایک کمپنی کی فروخت 7 فیصد اضافے سے 7 ہزار 633 یونٹس رہی، جبکہ سوزوکی آلٹو بدستور زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں نمایاں رہی۔ آلٹو کے 5 ہزار 339 یونٹس فروخت ہوئے، جو سالانہ بنیاد پر 27 فیصد اضافہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہونڈا کی فروخت میں بھی غیر معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی اور اس کی سالانہ فروخت تقریباً ڈھائی گنا بڑھ کر 2 ہزار 633 یونٹس ہوگئی۔ اگست میں ہونڈا کی فروخت 19 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 29 یونٹس رہی۔
دوسری جانب ہنڈائی نشاط موٹرز کی فروخت میں کمی ریکارڈ ہوئی اور اس کی سالانہ فروخت 39 فیصد گھٹ کر 742 یونٹس رہ گئی۔
آٹو سیکٹر کے دیگر حصوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ اگست میں بائیکس اور رکشوں کی فروخت 20 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 78 ہزار 119 یونٹس تک پہنچ گئی۔ کمرشل گاڑیوں، ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 31 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 875 یونٹس فروخت ہوئے۔
ٹریکٹرز کی سالانہ فروخت میں بھی 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہانہ بنیاد پر ٹریکٹرز کی فروخت 15 فیصد کم رہی۔ مجموعی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی گاڑیوں کی مارکیٹ میں مجموعی طور پر سرگرمی میں اضافہ ہوا ہے۔



















































