لاہور (نیوز ڈیسک): سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حالیہ حملوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سپلائی میں تعطل کے خدشات کے باعث منگل کو برینٹ خام تیل کی قیمت 1.37 ڈالر، یعنی 1.3 فیصد بڑھ کر 107.05 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے نرخ میں بھی 1.53 ڈالر یا 1.51 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 102.92 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اس سے ایک روز قبل بھی دونوں عالمی بینچ مارک کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سعودی توانائی کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی بندش نے عالمی سطح پر خام تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خلیجی خطے میں بحری آمدورفت کو درپیش خطرات کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، تاہم نئے حملوں کے باعث سرمایہ کاروں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر تیل کی سپلائی میں رکاوٹ طویل عرصے تک برقرار رہی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید اضافے کا دباؤ پیدا ہوسکتا ہے۔



















































